ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت اقلیتوں کو معاشی طور پر کمزورکرنے پر تل گئی ہے،اقلیتی بجٹ میں مزید کٹوتی کے آثار کھلا ثبوت:رضوان ارشد

حکومت اقلیتوں کو معاشی طور پر کمزورکرنے پر تل گئی ہے،اقلیتی بجٹ میں مزید کٹوتی کے آثار کھلا ثبوت:رضوان ارشد

Tue, 16 Feb 2021 10:51:09    S.O. News Service

بنگلورو،16؍فروری(ایس او  نیوز)کرناٹک میں جب سے بی جے پی حکومت آئی ہے اس کی طرف سے مسلسل یہ کوشش ہوتی رہی ہے کہ کسی نہ کسی طرح سے اقلیتی طبقہ کو پریشان رکھا جائے۔ خاص طور پر اقلیتوں کو تعلیمی اور معاشی سطح پر کمزور کرنے میں اس حکومت کی طرف سے کوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی ہے۔اقلیتی بجٹ میں مسلسل کٹوتی اس بات کا کھلا ثبوت بن کر سامنے آئی ہے۔ یہ بات شیواجی نگر کے رکن اسمبلی رضوان ارشد نے بتائی۔

اخباری نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے ایک غیر رسمی ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران انہوں نے رواں سال اقلیتوں کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کا مطالبہ پیش کیا تو وزیر اعلیٰ نے مالی وسائل کی قلت کی دہائی دے کر اس میں اضافہ کرنے سے صاف انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کروڑو ں رپیوں کی لاگت پر مجسمے لگانے کے لئے فنڈس ہیں لیکن سماج کے کمزور طبقات کی ترقی کے لئے خرچ کرنے کی بات آتی ہے تو یہ جواب سامنے آرہا ہے کہ کورونا وائر س کے سبب حکومت کو ملنے والے وسائل میں غیر معمولی کمی آگئی ہے۔ اس لئے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں ے کہا کہ اگر مالی وسائل میں قلت ہے تو حکومت ان تمام کاموں پر خرچ کرنا بند کردے جو ہنگامی حالات کی مناسبت سے فضول معلوم ہو تے ہوں لیکن فنڈ کی کمی کی دہائی دے کر فلاحی پروگراموں کو بند نہ کیا جائے۔

شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی تشدد کے سلسلہ میں گرفتار نوجوانوں کی رہائی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رضوان نے کہا کہ ان نوجوانوں کو ضمانت ملنے کے بعد انہیں رہا کروانے کے ئے شورٹی کا انتظام کیا جارہا ہے۔جیسے ہی ضمانت منظور ہو گی نوجوانوں کی رہائی کا سلسلہ تیز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ خوش آئند بات ہے کہ اب تک 200سے زائد نوجوانوں کو الگ الگ کیسوں میں ضمانت ہو چکی ہے اور 30سے زیادہ باہر بھی آچکے ہیں۔ لیکن باقی نوجوانوں کے لئے بھی شورٹی کا بندوبست جلد از جلد ہونا چاہئے۔

شیواجی نگرحلقہ کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سٹی پراجکٹ کے تحت حلقہ میں کام تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ قدیم چاندنی چوک روڈ پر کام کو تیزی سے آگے بڑھانے میں دشواری پیش آرہی ہے اس کا سبب یہ ہے کہ اس سڑک کے نیچے موجود 60تا70سال پرانی پانی اورڈرینیج کی لائنوں کو نقصان پہنچ گیا جس کے سبب ان کی مرمت کے کام میں تاخیر ہو رہی ہے اس کے باوجود انہوں نے انجینئرو ں کو ہدایت دی ہے کہ کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورے شیواجی نگر حلقہ میں پانی کی لائنیں کافی قدیم ہو چکی ہیں۔ ان میں سے کئی زنگ آلود ہو گئی ہیں ان تمام کو مکمل طور پر بدل دینے کے لئے بھی ایک پراجکٹ پر کام شروع ہو چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں حلقہ بھر میں اس کا م کو کافی تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔


Share: